اس سال یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان کی میرٹ لسٹ میں 51 مسلم امیدواروں نے اپنی جگہ بنائی ہے، ان میں سے 5 امیدوار ٹاپ 100 میں شامل ہیں
نئی دہلی: اس سال یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان کی میرٹ لسٹ میں 51 مسلم امیدواروں نے اپنی جگہ بنائی ہے، جن میں سے 5 امیدوار ٹاپ 100 میں شامل ہیں۔ ان پانچوں امیدواروں کے نام روحانی، نوشین، وردہ خان، ضوفشاں حق اور فابی راشد ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سال یوپی ایس سی امتحان 2023 میں مسلم امیدواروں کی کامیابی کے فیصد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کل ملا کر 1016 امیدوار کامیاب رہے ہیں جن میں سے امیدوار مسلم کا کامیابی کا فیصد 5 رہا ہے جو گزشتہ کچھ برس کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔ اس سے قبل 2019 میں 5.3 فیصد مسلم امیدوار سول سروسیز امتحان میں کامیاب ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ یو پی ایس سی کے 2022 کے امتحان میں 2529 امیدوار کامیاب ہوئے تھے، جن میں 83 مسلمان شامل تھے۔ ان میں سے 933 امیدواروں کو آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس، آئی آر ایس اور دیگر خدمات کے لیے منتخب کیا گیا، جن میں 30 مسلمان شامل تھے۔
اس امتحان میں یو پی کے آدتیہ سریواستو نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر بالترتیب انیمیش پردھان اور اننیا ریڈی ہیں۔ ٹاپ 5 میں ایک مسلم امیدوار روحانی شامل ہیں جبکہ ٹاپ 10 میں روحانی کے علاوہ نوشین (9 واں رینک) بھی ہیں۔ ٹاپ 100 میں 6 مسلم امیدوار ہیں۔ نوشین نے جنہوں نے نویں پوزیشن حاصل کی ہے، گورکھپور کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ہے۔ اس کے بعد نوشین نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے سوشل ورک میں پوسٹ گریجویشن کیا۔ پوسٹ گریجویشن کے بعد انہوں نے سول سروسیز کی تیاری کا فیصلہ کیا اور اس کے لئے جامعہ اکیڈمی میں داخلہ لیا۔
اس کے علاوہ وردہ خان کو 18 واں رینک، ضوفشاں حق کو 34 واں رینک، فابی رشید کو 71 واں رینک اور منان بھٹ کو 88 واں رینک حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ عارفہ عثمانی، سید عدیل محسن، خان صائمہ سراج احمد، صائم رضا، جمعدار فرحان عرفان، فرحین زاہد، اریبہ صغیر، اہتدیٰ مفسر، نازیہ عمر انصاری، سید محمد مصطفی ہاشمی، حامد نوید، اریبہ نعمان، محمد حارث میر، محمد فرحان، محمد آفتاب عالم اور سیرت باجی وغیرہ نے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔