بھوپال : کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ ڈگ وجے سنگھ نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک اور میعاد حکومت ملنے پراگر آئین میں تبدیلی کرتے ہیں تو انہیں حیرانی نہیں ہوگی۔سابق وزیر اعلیٰ نے آج ٹویٹ کے ذریعے مودی اور ’بی جے پی-سنگھ پریوار ‘ پر پھر شدید لفظی حملے کئے ۔ ڈگ وجے نے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کے تبصرے کے تناظر میں لکھا ہے، ’’یشونت سنہا جی، یہ تو صرف شروعات ہے۔ پہلی جنگ عظیم میں ہٹلر ’’کارپورل‘‘ (فوج میں جونیئر افسر) تھا اور بعد میں اس نے خود کو جرمن فوج کا کمانڈر اِن چیف قرار دیا تھا۔ اگر مودی جی پارلیمنٹ میں ایک اور میعاد ملنے پر آئین میں تبدیلی کرکے خود کو قوم کا مستقل سربراہ قراردے دیں تو مجھے تعجب نہیں ہوگا۔درحقیقت دیوالی کاتہوار فوج کے درمیان منانے کے دوران فوج کی وردی جیسے لباس پہننے کے معاملے پر ڈگ وجئے اور بعض سیاستدان ان کوایک دو روز سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔