لکھنؤ۔ ASMA گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے گومتی نگر واقع اردو اکادمی آڈیٹوریم میں تعلیمی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں تعلیم کے ساتھ اخلاقی اقدار، تربیت اور شخصیت سازی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ طلبہ و طالبات نے نعت، تقریر، مباحثہ اور مختلف ثقافتی پروگرام پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
پروگرام کا افتتاح ادارے کے منیجر اور معزز مہمانوں نے شمع روشن کرکے کیا۔ مہمانِ خصوصی حضرت مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت اور اعلیٰ اقدار سے آراستہ کرنا بھی ضروری ہے۔ ان میں یہ جذبہ پیدا کیا جانا چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کے ذریعے ملک، معاشرے اور پوری انسانیت کی خدمت کرسکیں۔

اتر پردیش کانگریس قانون ساز پارٹی کے رہنما چودھری ویریندر سنگھ نے کہا کہ تعلیم ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ محروم، پسماندہ اور استحصال کا شکار طبقات کو سماج کے مرکزی دھارے سے جوڑنے میں تعلیم کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے طلبہ کی ثقافتی پیشکشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی ادارے میں تعلیم کے معیار، نظم و ضبط اور طلبہ کی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔
ایرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عباس علی مہدی نے طلبہ کو مثبت سوچ اپنانے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ منفی ماحول میں مثبت طرزِ فکر ہی بہتر مستقبل کی بنیاد بن سکتا ہے۔ طلبہ کو مشکلات سے گھبرانے کے بجائے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے مقاصد کی جانب مسلسل آگے بڑھنا چاہیے۔

ڈاکٹر طارق صدیقی نے کہا کہ علم کو کسی ایک دائرے میں محدود کرکے نہیں دیکھنا چاہیے۔ طلبہ کو ہر طرح کا علم حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ دینی اور دنیاوی تعلیم کو الگ الگ سمجھنے کے بجائے دونوں کو بہتر شخصیت اور معاشرے کی تعمیر کی اہم بنیاد تسلیم کرنا چاہیے۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے اسما انٹر کالج کے بانی ڈاکٹر عبد الوحید قاسمی نے قرآنِ کریم کے حوالے سے تعلیم کے تین اہم مقاصد بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد انسان کو اپنے رب کی پہچان کرانا، خود اپنی ذات کو سمجھنے اور اپنی شناخت قائم کرنے کے قابل بنانا اور اس کائنات کو جاننے اور سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔
الفاروق اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فخرالدین وحید قاسمی نے دینی اور جدید تعلیم پر یکساں توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپنے مقاصد واضح رکھنے چاہئیں اور یہ طے کرنا چاہیے کہ انہیں کیا حاصل کرنا ہے اور کس مدت میں اپنے ہدف تک پہنچنا ہے۔
پروگرام میں طلبہ کی ثقافتی پیشکشیں بھی توجہ کا مرکز رہیں۔ محمد نے نعتِ پاک پیش کی، جبکہ اریبہ گروپ نے استقبالیہ پروگرام پیش کیا۔ ہاجرہ اور شفا نے والدین کی اہمیت پر مباحثہ کیا۔ فاطمہ نسیم نے ’استاد کا مقام‘ کے عنوان سے تقریر پیش کی، جبکہ عائشہ نوشاد اور لویزہ ارشاد نے ’ترانۂ اسما‘ پیش کرکے حاضرین سے داد حاصل کی۔

پروگرام سے ڈاکٹر انیس انصاری (IAS)، ڈاکٹر سدھا مشرا، شانہ صدیقی، ڈاکٹر شہنواز (گریویٹی کوچنگ) اور محمود عالم نے بھی خطاب کیا۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر مسیح الدین نے انجام دی، جبکہ آخر میں حمام وحید نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عمار انیس نگرامی، وسیم حیدر، ارشد اعظمی، محمد خالد، عمار وحید، سنجے شرما، برجندر سنگھ، سچن راوت، انشو اوستھی، اوماشنکر پانڈے، ایڈووکیٹ آشیش آنند، ایڈووکیٹ پنکج یادو، ایڈووکیٹ عظیم احمد، حسنا آرا، فاطمہ تنویر، ایڈووکیٹ ودوشی واجپئی، شاداب قریشی، توقیر عالم، اختر ملک، مسعود احمد، شمش الحسن عمرا، ریحان غنی، شان حیدر، ایڈووکیٹ سلمان ضیا، زبیر احمد، نوید نقوی، سلمان قادر، ڈاکٹر عرفان علی حسن، کاشف صدیقی، مولانا شہنواز، مولانا مالک، عجیب وحید اور نیّر الاسلام سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔













