پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’میں امت شاہ کا بیان سن رہی تھی، وہ کہہ رہے تھے کہ یوپی میں مجرموں کو ڈھونڈنا ہو تو دوربین کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ ان کے پاس اجے مشرا کھڑے تھے جن کے بیٹے نے کسانوں کو کچل دیا‘‘
گورکھپور: یوپی اسمبلی انتخابات کے لئے مہم جوئی کر رہیں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اتوار کے روز وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے گڑھ گورکھپور میں پہنچیں۔ یہاں پرتگیہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ اور مودی حکومت پر جم کر نشانہ لگایا۔ پرینکا گندھی نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ گرو گورکھ ناتھ کے نظریات کے برخلاف حکومت چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ کانگریس بی جے پی کی ہی ٹیم ہے لیکن میں انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ مر جاؤں گی لیکن بی جے پی سے اتحاد نہیں کروں گی۔
پرینکا گاندھی نے وزیر داخلہ امت شاہ پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ’’میں امت شاہ کا بیان سن رہی تھی۔ وہ کہہ رہے تھے کہ یوپی میں آج مجرموں کو ڈھونڈنا ہو تو دوربین کی ضرورت پڑتی ہے۔ جبکہ ان کے پاس اجے مشرا کھڑے تھے، جن کے بیٹے نے کسانوں کو کچل دیا۔ میں انہیں کہنا چاہتی ہوں کہ دوربین چھوڑیئے، چشمہ لگائیے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے یوپی میں کافی گھومی رہی ہوں۔ میں نے جانا کہ یہ اعتقاد کا مرکز ہے۔ ہم ملک، زمین، مذہب اور رہنماؤں سے عقیدت رکھتے ہیں جب ہم رہنماؤں سے عقیدت رکھتے ہیں تو ان کی توقع ہوتی ہے کہ ہم لوگ لگن کے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سمجھدار ہوتی ہیں۔ ان میں لڑنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ خواتین کے خلاف ظلم و ستم ہوا ہے لیکن جب سیاست میں خواتین آئیں گی تو ہم ان کا سامنا کریں گے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ جب پی ایم مودی 8000 کروڑ کے جہاز سے اٹلی جاتے ہیں تو لگتا ہے کہ وہ ہمارے ملک کی عزت بڑھا رہے ہیں لیکن جب میں جاتی ہو تو سچائی کچھ اور نظر آتی ہے۔ میں الہ آباد میں نشادوں کے گاؤں میں گئی تھی، وہاں پولیس نے کشتی جلا دی تھی۔ ان لوگوں نے مجھے دکھایا کہ ان کی کشتیاں جلا دی گئی ہیں۔ جبکہ کشتی نشادوں کی ماں ہوتی ہے۔ اسی طرح سے لکھیم پور میں کسانوں کو کچلا گیا۔ حکومت نے دکھا دیا کہ کسانوں کی ان کو بالکل فکر نہیں ہے۔ یوگی گورکھ ناتھ کے نظریات کے برخلاف حکومت چلا رہے ہیں۔
قبل ازیں، کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی نہیں ریلا ہے، یہاں لاکھوں لوگوں کا جمِ غفیر موجود ہے۔ اجے کمار نے کہا کہ اکھلیش یادو گھر میں بیٹھ کر سیاست کرنے والے لیڈر ہیں۔ پرینکا گاندھی سونبھدر کے واقعہ سے آج تک سڑک پر جدوجہد کر رہی ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ یوگی کا گڑھ نہیں ہے بلکہ چوری چورا کی سرزمین ہے۔ آج لاکھوں کارکنان بی جے پی کو اکھاڑ پھینکنے کا عہد کر رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی زمین کی لیڈر ہیں اور عوام کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں۔