لکھنؤ : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج یہاں اپنا مون ورت ڈھائی گھنٹے بعد ختم کردیا اور کہا کہ اترپردیش میں جاری نراج کے خلاف یہ ان کا احتجاج ہے۔ پرینکا نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو اپنے دورہ وارانسی میں کہا تھا کہ یوگی ادتیہ ناتھ نے کوویڈ۔19 وبا سے کامیابی کے ساتھ نمٹا ہے اور یوپی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پرینکا نے کہا کہ یوگی ادتیہ ناتھ حکومت نے وبا کے دوران پنچایت انتخابات منعقد کرائے جس کے بعد کئی ٹیچرس جنہوں نے انتخابی ڈیوٹی انجام دی تھی، کوویڈ کا شکار ہوگئے۔ بی جے پی کو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے، لہٰذا وہ دوسرے اور تیسرے مرحلہ کے چناؤ میں تشدد، دھمکیوں اور حتیٰ کہ اغوا پر اتر آئی ہے۔ خواتین کو دھمکایا گیا، ان کے کپڑے پھاڑ دیئے گئے اور امیدواروں کے کاغذات نامزدگی چھین کر ٹکڑے ٹکڑے کردیئے گئے۔ کیا یہی جمہوریت ہے؟ پرینکا نے کہا کہ یہ افراتفری اور نراج کا ماحول ریاستی حکومت نے پھیلا رکھا ہے اور حیرانی کی بات ہیکہ اسے وزیراعظم کی منظوری حاصل ہوئی ہے۔
سیاسیات