پرینکا گاندھی نے رمیش کمار کے بیان پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’کوئی اس طرح کے الفاظ کیسے استعمال کر سکتا ہے، یہ سمجھ سے باہر ہے۔ عصمت دری ایک انتہائی گھناؤنا جرم ہے۔‘‘
کرناٹک اسمبلی میں کانگریس رکن اسمبلی رمیش کمار کے ذریعہ عصمت دری سے متعلق دیے گئے متنازعہ بیان پر ہنگامہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس درمیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا اس بیان پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے رمیش کمار کے بیان پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’میں رمیش کمار کے ذریعہ گزشتہ روز دیے گئے بیان کی پوری طرح مذمت کرتی ہوں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے رمیش کمار کے ذریعہ اس طرح کا بیان دیے جانے پر حیرانی بھی ظاہر کی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’کوئی اس طرح کے الفاظ کیسے استعمال کر سکتا ہے، یہ سمجھ سے باہر ہے۔ عصمت دری ایک انتہائی گھناؤنا جرم ہے۔‘‘
I wholeheartedly condemn the statement made earlier today by Sri. K.R.Ramesh Kumar. It is inexplicable how anyone can ever utter such words, they are indefensible. Rape is a heinous crime. Full stop.
— Priyanka Gandhi Vadra (@priyankagandhi) December 17, 2021
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو رمیش کمار نے اسمبلی میں کسی بات پر کہا تھا کہ ’’دیکھیے ایک کہاوت ہے– جب عصمت دری ہونی ہی ہے، تو لیٹو اور مزے لو۔‘‘ اس پر اسمبلی اسپیکر کاگیری انھیں روکنے اور کارروائی کرنے کی جگہ ہنستے ہوئے دکھائی دیے تھے۔ اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے بہت ناراضگی ظاہر کی۔ کانگریس رکن اسمبلی کے ساتھ ساتھ اسپیکر کے عمل پر بھی انھوں نے غصے کا اظہار کیا۔ کئی سیاسی ہستیوں نے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔