لکھنؤ: جناب شاہد منظر عباس رضوی آئی اے ایس نے آلودگی سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر درخت لگانے پر زور دیا اور کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہر شخص کو اپنی ماں کے نام پر کم از کم ایک درخت ضرور لگانا چاہیے۔ حکومتِ اتر پردیش اس معاملہ میں پیش پیش ہے اور شجرکاری مہم کو بڑے پیمانے پر لے جا رہی ہے۔ بین الاقوامی طور پر بھی شجر کاری کو کافی فروغ دیا جا رہا ہے۔
توحید المسلمین ٹرسٹ اور جن کلیان سیوا سنتھان کی مشترکہ کوششوں سے تحسین گنج ٹھاکر گنج میں واقع جامع مسجد کے احاطے میں آج شجرکاری کا پروگرام جناب قمر عباس صاحب کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جنہوں نے جامع مسجد کے گراؤنڈ کو ہرابھرا رکھنے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔ اس پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جناب شاہد منظر عباس رضوی صاحب آئی اے ایس نے شرکت فرما کر پودے لگائے۔
اس موقع پر توحید المسلمین ٹرسٹ کے سیکریٹری جناب نجم الحسن رضوی نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہو ہر فرد کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانا چاہیے تاکہ ماحول صاف ستھرا رہے اور گلوبل وارمنگ پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچہ اپنے گھر میں یا آس پاس ایک پودا ضرور لگائے۔
جن کلیان سیوا سنتھان کے راگھویندر مشرا نے عوامی مفاد اور دھرتی کو بچانے کی اس مہم کے لیے اپنی تنظیم کی طرف سے توحید المسلمین ٹرسٹ کے ساتھ مل کر پورے شہر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کا پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں اسکولوں کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ یہ مہم لوگوں تک پہنچ سکے۔
اس موقع پر امیر احمد زیدی پی سی ایس، سینیئر صحافی کلثوم طلحہ، سماجی کارکنان مسز و مسٹر شرما، ضیغم عباس نقوی، عین الرضا، نیو سینٹ جانس اسکول کے پرنسپل، اساتذہ اور کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے مختلف معززین کے ساتھ مل کر پودے لگائے۔