بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے اعظم خان ، ان کے بیٹے اور اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ اعظم خان اور عبداللہ اعظم کے خلاف ویڈیو کانفرنس کے ذریعے فرد جرم عائد کی جائے گی
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے لیڈر اور اتر پردیش حکومت کے سابق وزیر اعظم خان کو اس وقت ایک بڑا جھٹکا لگا جب رام پور کی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے ان کی بریت کے لئے دائر کی گئی عرضی کو خارج کر دیا۔ ایک شخص کی دو اسناد پیدائش حاصل کرنے سے متعلق اس معاملہ میں آج سے فرد جرم عائد کی جائے گی۔
اعظم خان، ان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور بیٹے عبد اللہ اعظم کے خلارف دفعات 420، 467، 468، 471 اور 120 بی کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے اعظم خان ، ان کے بیٹے اور اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھااعظم خان اور عبداللہ اعظم کے خلاف ویڈیو کانفرنس کے ذریعے فرد جرم عائد کی جائے گی۔جبکہ تزئین فاطمہ کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔
قبل ازیں، گزشتہ ہفتہ اعظم خان کو سپریم کورٹ سےاس وقت راحت ملی تھی جب عدالت عظمیٰ نے اعظم خان اور ان کے بیٹے عبد اللہ اعظم کی درخواست ضمانت پاسپورٹ اور پین کارڈ میں گڑبڑی سے وابستہ معاملہ میں منظور کر لی تھی۔
پین کارڈ اور پاسپورٹ میں گڑبڑی کے معاملہ میں اعظم اور ان کے بیٹے کی درخواست ضمانت منظور کرنے کے ساتھ ہی عدالت نے کہا تھا کہ متعلقہ ذیلی عدالت چار ہفتے کے اندر ان کے بیان درج کرے اور اس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔