نئی دہلی: امارت شرعیہ ہند کے ارکان شوری، جمعیت علمائت ہند کے ذمہ داران اور منتخب ارباب حل و عقد کے ایک روزہ نمائندہ اجتماع میں جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی امیر الہند خامس اور مفتی محمد سلمان منصور پوری نائب امیر الہند منتخب ہوئے۔ اس اجتماع کی صدارت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند نے کی۔اجتماع میں حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری کی وفات کے بعد خالی ’امیر‘ کی جگہ پْر کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے صدر جمعیت علماء ہند حضرت مولانا محمود اسعد مدنی نے اس باوقار منصب کے لیے جامع کمالات شخصیت مولانا سید ارشد صاحب مدنی صدر جمعیت علماء ہند وصد رالمدرسین دارالعلوم دیوبند کا نام پیش کیا، انھوں نے کہا کہ اس وقت ملی ضروریات میں جن اہم کاموں کو اولیت حاصل ہے اس میں امارت کا کام بھی شامل ہے، آج مسلم معاشرہ بالخصوص خانگی مسائل میں کافی بگاڑ پیدا ہو گیا ہے، اس کو حل کرنے کے لیے محکمہ شرعیہ کے نظام کو بڑھانے اور اصلاح معاشرہ کی تحریک کی ضرورت ہے، انھوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو آج کے اجلاس میں شریک ہوئے۔