چیف منسٹر کے سی آر نے ٹرابل شوٹر پر بھروسہ جتایا
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ٹرابل شوٹر وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ پر چیف منسٹر کے سی آر نے پھر ایک مرتبہ مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزارت صحت کی زائد ذمہ داری سپرد کردی ہے ۔ سیاسی حلقوں‘میڈیا کے علاوہ سوشیل میڈیا پر حضور آباد میں ٹی آر ایس کی شکست پر ہریش راؤ کو بڑے پیمانہ پر ٹرول کیا جارہا تھا ۔ دوباک کے بعد چیف منسٹر نے حضور آباد ضمنی انتخاب کی ذمہ داری ہریش راؤ کو سونپی تھی ۔ ہریش راؤ نے تقریباً چار ماہ تک حضور آباد میں پارٹی امیدوار جی سرینواس یادو کیلئے انتخابی مہم چلائی تھی ۔ تاہم بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر کوکامیابی حاصل ہوئی، اس کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہپارٹی قیادت ہریش راؤ کو نظر انداز کرے گی لیکن کے سی آر نے ہریش راؤ کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور انعام کے طور پر اپنے پاس موجود وزارت صحت کی زائد ذمہ داری انہیں سونپ دی ہے ۔ ایٹالہ راجندر کو وزارت سے برطرف کرنے کے بعد وزارت صحت کا قلمدان چیف منسٹر نے اپنے پاس رکھا تھا ۔ چیف منسٹر نے وزارت صحت کی زائد ذمہ داری سے متعلق فائل راج بھون کو روانہ کردی اور گورنر کے دستخط کے بعد احکامات جاری کردیئے گئے ۔ ہریش راؤ کا تلنگانہ تحریک کی ابتداء سے چندر شیکھر راؤ کے کٹر حامیوں میں شمار ہوتاہے، چیف منسٹر نے ان پر بھروسہ کرنے کا آج ایک اور ثبوت دیا ہے۔ن