حجاج کرام سے یہ اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ سفر حج پر روانہ ہوتے وقت اپنے ساتھ دو ہزار کے نوٹ ہرگز لے کر نہ جائیں، کیونکہ سعودی عرب ایکسچینج نے ان نوٹوں کو قبول کرنے سے منع کر دیا ہے۔
نئی دہلی: ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے دو ہزار کا نوٹ بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے اور 23 مئی سے بینکوں میں اس کی تبدیلی بھی شروع ہو گئی۔ نوٹوں کی یہ تبدیلی ستمبر تک جاری رہے گی۔ دریں اثنا، حجاج کرام سے یہ اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ سفر حج پر روانہ ہوتے وقت اپنے ساتھ دو ہزار کے نوٹ ہرگز لے کر نہ جائیں، کیونکہ سعودی عرب ایکسچینج نے ان نوٹوں کو قبول کرنے سے منع کر دیا ہے۔
سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکی ہے کہ سعودی عرب ایکسچینج نے واقعی دو ہزار کے نوٹ قبول کرنا بند کر دیئے ہیں یا نہیں، تاہم عازمین حج کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے پیغام جاری کئے جا رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک پیغام میں کہا گیا ’’حج پر جانے والوں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں اگر وہاں 2000 روپے کا نوٹ لے کر جائیں گے۔ سعودی ایکسچینج نے دو ہزار کا نوٹ لینا بند کر دیا۔‘‘
ایک دوسرے انگریزی پیغام میں بھی کہا گیا ہے کہ ’’ایک حاجی کو اس وقت دقت پیش آئی جب ایکسچینج والوں نے 2000 کا نوٹ لینے سے منع کر دیا اس لیے تمام حاجیوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے نوٹوں کو ہندوستان سے ہی تبدیل کروا کر آئیں۔‘‘ اس طرح کی خبروں کی خواہ تصدیق نہ ہو پائی ہو تاہم ماضی میں حج بیت اللہ کا سفر کر چکے حاجیوں کا کہنا ہے کہ 2016 میں جب نوٹ بندی کی گئی تھی تو انہیں بھی اسی طرح کے تلخ تجربات سے گزرنا پڑا تھا۔ سفر کربلا پر جانے والے عقیدت مندوں نے عراق میں بھی اسی طرح کی مشکلات کا سامنا کیا تھا۔
عرب اور دیگر ممالک میں مقیم کچھ ہندوستانیوں کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ نوٹ بندی کے بعد سے دنیا بھر کے ممالک کا ہندوستانی کرنسی پر سے اعتماد ختم ہو گیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ روپے میں لین دین قطعی نہ کیا جائے۔ کئی مقامات پر جہاں پہلے آرام سے روپے میں کوئی بھی خریداری کر لی جاتی تھی وہاں بھی اب ڈالر یا دیگر کرنسی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ اب دو ہزار کا نوٹ بند کرنے کے بعد روپے کے لیے صورت حال مذید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر کے بینکوں میں دو ہزار روپے کے نوٹ بدلنے کا عمل 23 مئی سے شروع ہو گیا جوکہ 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔ آر بی آئی نے 19 مئی کو دو ہزار روپے کے نوٹ کا چلن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مرکزی حکومت نے سال 2016 میں 500 اور 1000 کے نوٹ کا چلن بند کرنے کے بعد 2000 روپے کا نوٹ جاری کیا تھا۔
Source: QaumiAwaz