برسر اقتدار پارٹی کی تائید کا الزام، رائے دہی کی تکمیل تک چندرا بابو نائیڈو کا امراوتی میں قیام
حیدرآباد۔4۔نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں مجالس مقامی کے انتخابات کی تیاریوں میں مصروف تلگو دیشم کے قومی سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے برسر اقتدار پارٹی کی ایماء پر ریٹرننگ آفیسرس کے مخالف تلگو دیشم موقف کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ریٹرننگ آفیسرس کے ڈراموں کے خلاف ان کا تعاقب کیا جائے گا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے امراوتی کے تلگو دیشم آفس میں پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی آفس پر حملے کے بعد پارٹی کارکنوں نے جس جوش و جذبہ کا مظاہرہ کیا تھا ، اسی جذبہ کو مجالس مقامی کے انتخابات میں برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تکمیل تک وہ امراوتی میں قیام کریں گے اور ضرورت پڑنے پر بذات خود الیکشن کمیشن سے نمائندگی کیلئے موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے ذریعہ عوام جمہوریت کا تحفظ کرسکتے ہیں۔ نائیڈو نے رٹرننگ آفیسرس پر ڈرامہ بازی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بعض مقامات پر ریٹرننگ آفیسرس نے تلگو دیشم امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو غائب کردیا ہے تاکہ وائی ایس آر کانگریس کی کامیابی یقینی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ نامزدگی آن لائین داخل کرنے کے بعد رٹرننگ آفیسر کو ای میل کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔ بعض ریٹرننگ آفیسر تلگو دیشم امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی کو مسترد کرنے کیلئے منسلکہ دستاویزات کو غائب کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ پرچہ جات نامزدگی ادخال کے وقت چوکس رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری رقومات خرچ کر رہی ہے ۔ الیکشن کمیشن اور اس کے عہدیدار برسر اقتدار پارٹی کی تائید کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ عہدیداروں اور وائی ایس آر کانگریس کی ملی بھگت کو بے نقاب کریں ۔