اکھلیش یادو نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر بغیر نام لئے طنز کرتے ہوئے کہا، ’’دیکھنا ہے انہیں جنتا پہلے ہٹاتی ہے یا ان کے اپنے‘‘
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے سرابراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کچھ معلوم نہیں دہلی والے کب ان کی برخاستگی یا تبادلہ کی خبر لے کر آ جائیں۔ خیال رہے کہ بی جے پی کی حکمرانی والی کئی رہاستوں میں وزرائے اعلیٰ کے تبدیل کئے جانے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ اس سلسلہ کی سب سے آخری کڑی وجے روپانی رہے جن کے مقام پر بھوپیندر پٹیل کو گجرات کا وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے۔
اکھلیش یادو نے ٹوئٹر پر لکھا کہ جن کو یوپی میں سکونت دیکھے بغیر لادا گیا تھا، عوام اس بوجھ کو ہٹا دیں گے۔ اکھلیش کے اس ٹوئٹ کا یہی مطلب نکالا جا رہا ہے کہ جس طرح بی جے پی کئی ریاستوں میں اپنے وزرائے اعلیٰ کو تبدیل کر رہی ہے کہیں یوپی میں بھی ایسا ہی نہ ہو اور یوگی آدتیہ ناتھ کی جگہ کوئی نیا چہرہ وزیرا علیٰ کے طور پر سامنے آ جائے۔
اکھلیش یادو نے ٹوئٹ کیا، ’’جن سے ہار کا ڈر ہوتا ہے لوگ اکثر بدحواسی میں ان کا نام لیتے رہتے ہیں۔ جن کو یو پی میں سکونت دیکھے بغیر لادا گیا تھا، عوام اس بوجھ کو ہٹا دیگی۔ ہو سکتا ہے کل ہی دہلی والے ان کی برخاستگی یا بدلی (تبادلہ) کی خبر لے کر آ جائین۔ دیکھنا یہ ہے کہ انہیں پہلے کون ہٹاتا ہے، ان کے اپنے یا عوام۔‘‘