دہلی تشدد میں بے گھر ہوئے لوگوں کے لیے رات ہوئی زبردست بارش ایک نئی مصیبت لے کر سامنے آئی۔ متاثرین کو آسرا دینے کے لیے دہلی حکومت نے راحتی کیمپ بنائے تھے جس میں پانی داخل ہو گیا ہے۔
دہلی تشدد میں متاثر لوگوں کے سامنے اب نئی پریشانی کھڑی ہو گئی ہے۔ سینکڑوں لوگ شمال مشرقی دہلی کے مصطفیٰ آباد میں ایک عیدگاہ میں بنے غیر مستقل پناہ گزین کیمپ میں سخت مشقتوں کے درمیان رہنے کو مجبور ہیں۔ گزشتہ دو دنوں سے رک رک کر ہو رہی بارش نے کیمپ میں تشدد متاثرہ لوگوں کی پریشانی پہلے ہی بڑھا دی تھی، اب گزشتہ شب ہوئی موسلادھار بارش نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس بارش میں متاثرین کے سبھی سامان بھیگ گئے ہیں اور وہ گیلے فرش پر بیٹھنے کے لیے مجبور نظر آ رہے ہیں۔