اتر پردیش میں آج یعنی 4 مئی کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی
لکھنؤ: اتر پردیش میں آج یعنی 4 مئی کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھپور میں ووٹ ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ میں نے بھی ووٹ دیا ہے۔ یہ انتخاب اسمارٹ سٹی اور سیف (محفوظ) سٹی کے حوالے سے ہو رہا ہے۔‘‘
خیال رہے کہ پہلے مرحلے کے دوران ریاست کے 37 اضلاع میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس مرحلے میں 4 مئی کو سہارنپور، مرادآباد، آگرہ، جھانسی، پریاگ راج، لکھنؤ، دیوی پٹن، گورکھپور اور وارانسی ڈویژن کے 37 اضلاع میں پولنگ ہو رہی ہے۔ اس دوران 2.40 کروڑ سے زیادہ ووٹر اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔
میئر اور کونسلر کے عہدے کے لیے ووٹنگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے کی جائے گی، جب کہ باقی عہدوں کے لیے ووٹنگ بیلٹ پیپر کے ذریعے کی جائے گی۔ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ 11 مئی کو ہونا ہے۔ جبکہ 13 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
Source: QaumiAwaz