پٹنہ: بہار کے ضلع روہتاس کے ساسارام میں رام نومی کے موقع پر شروع ہونے والے تشدد کے درمیان ہفتہ کو بم دھماکہ ہوا۔ اس واقعے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فرانزک ٹیم کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔
روہتاس کے ضلع مجسٹریٹ دھرمندر کمار نے کہا ’’ساسارام میں بم دھماکہ ہوا تھا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے بی ایچ یو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دھماکے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ دیر رات بہار پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے اس سلسلے میں ٹوئٹ کر کے معلومات شیئر کی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ’’روہتاس ضلع کے ساسارام میں بم دھماکے کے واقعہ کی اطلاع موصول ہوئی۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ جائے وقوعہ ایک جھونپڑی ہے، وہاں سے ایک اسکوٹی بھی برآمد ہوئی ہے۔ ایف ایس ایل کی ٹیم تحقیقات کے لیے موقع پر پہنچ رہی ہے۔ بظاہر یہ فرقہ وارانہ واقعہ نہیں لگتا۔ کسی بھی افواہ پر دھیان نہ دیں۔ امن برقرار رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔‘‘
ادھر، نالندہ ضلع کے بہار شریف میں کل رات تصادم ہوا۔ بہار شریف کے اے ایس آئی سریندر پاسوان نے کہا ’’بہار شریف میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ پورے علاقے میں سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ معاملے کی جانچ جاری ہے۔‘‘ تاہم ضلع مجسٹریٹ ششانک شوبھنکر نے کہا کہ رات میں 2-3 مقامات پر وارداتیں ہوئیں لیکن فی الحال حالات پرامن ہیں۔ شرپسندوں کی شناخت کے بعد 80 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کرفیو نہیں لگایا گیا، دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ باہر سے 9 کمپنیوں کو طلب کیا گیا ہے۔
Source: QaumiAwaz