سردی کی شدت بڑھتی جارہی ہے ، اور درجہ حرارت روز نیچے گر رہا ہے ، ایسی حالت میں غریب طبقات کے بہت سے لوگ گرم کپڑے اور اوڑھنے کے محتاج ہیں، ان کی مدد کرنا اور ان کا خیال رکھنا اور مذہب کی تعلیم کا بنیادی حصہ ہے۔ امارت شرعیہ ہر سال سردی کے موقع پر ضرورت مندوں کے درمیان کمبل اور گرم کپڑے تقسیم کرتی ہے ، اس سال بھی امیر شریعت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پرکئی دنوں سے لگاتار پٹنہ کے مختلف مقامات پر خاص طور پر پھلواری شریف اور اس کے مضافات میں بسنے والے غرباء و مفلسین اور جھگیوں میں زندگی گزارنے والے ضرورت مندوں کے درمیان کمبل تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔ یہ کمبل اہل خیر کے تعاون سے امارت شرعیہ کی جانب سے علاقہ کے معززین اور مخلصین اور سماجی خدمت گاروں کی معرفت ضرورت مندوں کے درمیان تقسیم کیے جارہے ہیں ، مستفیدین میں پھلواری شریف اور اس کے مضافات نیز پٹنہ کے دوسرے علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہر مذہب کے ضرورت مند شامل ہیں۔
امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے اس موقع پر کہا کہ امارت شرعیہ کے اس عمل کی اشاعت کا مقصد نام و نمود نہیں ہے ، بلکہ صرف یہ غرض ہے کہ اس سے دیگر لوگوں کو ترغیب ملے گی اور وہ بھی ا پنے آس پاس کے لوگوں کی ضرورتوں کا خیال رکھیں گے اور مصیبت کے وقت ان کی حاجت روائی کریں گے ۔ قائم مقام ناظم صاحب نے یہ بھی اپیل کی کہ اگر کوئی اہل خیر حضرات امارت شرعیہ کے واسطے سے کمبل کی تقسیم کرانا چاہتے ہیں تو کمبل خرید کرامارت شرعیہ پہونچا دیں یا جتنے کمبل تقسیم کرانا چاہتے ہیں اتنے کمبل کی قیمت بیت المال میں بھیج سکتے ہیں۔