ئی علاقوں میں پانی گھروں میں گھس گیا۔ عادل آباد میں بجلی گرنے سے 3 افراد ہلاک
محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔9اکٹوبر۔ ریاست کے مختلف اضلاع بشمول حیدرآباد میں تباہ کن گھن گرج اور چمک کے ساتھ بارش کے دوران عادل آباد میں بجلی گرنے سے 3افراد کی موت واقع ہوگئی اور 4لوگ شدید زخمی ہیں۔ مرنے والوں میں دو افراد بشمول خاتون آشا بائی اور ایک شخص گگن سنگھ کی حیثیت سے شناخت کی گئی جبکہ مکتھل میں 73 بھیڑ بکریوں کی موت ہوگئی ۔ اسی طرح گذشتہ شب بارش کے دوران سرورنگر میں واقع شوا گنگا تھیٹر کی دیوار منہدم ہونے سے 50 ٹووہیلرس کو نقصان پہنچا اور سڑک کا پانی تھیٹر میں داخل ہوگیا۔ شہر کے کئی علاقوںمیں 9اکٹوبر کی صبح تک شہریوں کو گندگی صاف کرتے دیکھا گیا۔حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے بیشتر علاقوں میں بارش اور نالوں کے ابل پڑنے کے سبب گھروں میں پانی داخل ہونے کے سبب گھریلو سامان تباہ ہوگیا۔ 9 اکٹوبر کی سہ پہر بھی اچانک دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میں گھن ‘ گرج اور چمک کے ساتھ بارش نے شہریوں میں خوف وہراس پیدا کردیا اور انہیں سال گذشتہ اکٹوبر 11اور 12 کو آئے سیلاب کی یاد تازہ ہوگئی ۔ کئی اضلاع میں ذخائر آب لبریز ہونے سے پانی کی نکاسی کا عمل شروع کیا گیا اور شہر میں حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے لبریز ہونے کے سبب دونوں ذخائر آب کے دروازوں کو کھول دیا گیا جس کے سبب موسیٰ ندی میں ایک مرتبہ پھر بہاؤ دیکھا گیا ۔ آج سہ پہر شروع بارش کا اثر سب سے زیادہ سکندرآباد میںدیکھا گیا جہاں اندرون ایک گھنٹہ 9.5 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ الوال میں 9سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ۔کوکٹ پلی ‘ بیگم پیٹ اور ایل بی نگر کے علاوہ عابڈس ‘ نامپلی ‘ بشیر باغ اور عطاپور‘ راجندر نگر کے علاوہ گولکنڈہ ‘ نارسنگی میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈکی گئی ۔ اپا چیروو لبریز ہونے اور سڑک پر پانی کے بہاؤ کے پیش نظر سائبرآباد ٹریفک پولیس نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ جانے والے مسافرین کو مشورہ دیا کہ وہ ائیر پورٹ پہنچنے آؤٹر رنگ روڈ کا استعمال کریں ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ قومی شاہراہ 44 ‘ آرام گھر ‘ گگن پہاڑ کے علاوہ شمس آباد سڑک پر اپا چیرو کے پانی کے بہاؤ سے ٹریفک میں خلل ہورہا ہے۔ دونوں شہروں میں سہ پہر بارش سے قبل خوفناک گڑگڑاہٹ سے شہری جلد گھروں کا رخ کرنے کی کوشش میں دیکھے گئے جس کی وجہ سے شہر کی کئی اہم سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام کا شہریوں کو سامنا کرنا پڑا۔ حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے ذریعہ موسیٰ ندی میں پانی کے اخراج اور موسلادھار بارش کے سبب موسیٰ رام باغ برج کے اوپر سے ندی کا پانی بہنے لگا تاہم برج پر ٹریفک کے بہاؤ کو روکا نہیں گیا ۔ محکمہ موسمیات نے 13اکٹوبر تک دونو ںشہروں کے علاوہ مختلف اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے لیکن کوئی انتباہ جاری نہیں کیا گیا۔گذشتہ شب بارش کے بعد شہر کے کئی محلہ جات میں گھروں میں پانی گھسنے کی شکایات موصول ہوئی علاوہ ازیں عطاپور کے قریب موسیٰ ندی میں مگرمچھ دیکھی گئی جس کے سبب راہگیروں کی بڑی تعداد مشاہدہ کیلئے برج پر جمع ہوگئی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ہفتہ کی سہ پہر بارش اور محکمہ موسمیات کی اطلاعات کو دیکھتے ہوئے شہریوں کو گھرو ںمیں رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاضرورت شدید گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں کیونکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں دوبارہ موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ ای وی ڈی ایم کی جانب سے شہر کے نشیبی علاقوں پر خصوصی نگاہ رکھی جا رہی ہے علاوہ ازیں شہر کے ان علاقوں پر جو کہ نالوں اور تالابوں کے متصل ہیں ان پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔