دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 1.4 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ روئٹرز نیوز ایجنسی نے ہفتے آج ہفتے کے روز بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب 100 گھنٹوں سے بھی کم دورانیے میں عالمی سطح پر دس لاکھ نئے متاثرین کا انکشاف ہوا ہے۔
دنیا میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رواں سال جنوری کے اوائل میں چین میں سامنے آیا تھا اور پھر اگلے تین ماہ میں کیسوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی۔ بعد ازاں 13 جولائی کو متاثرین کی تعداد 1.3 کروڑ تھی جو اگلے صرف چار روز میں بڑھ کر 1.4 کروڑ تک پہنچ گئی۔
امریکا میں مسلسل تیسرے روز 24 گھنٹوں کے اندر کرونا وائرس کے مریضوں کی ریکارڈ تعداد کا انداراج ہوا۔ جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 77638 نئے کیسوں اور مزید 927 اموات کا اندراج ہوا۔
اس طرح امریکا میں اس وبائی مرض سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 36.4 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں 139128 متاثرین موت کا شکار ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کرونا وائرس پھیلنے کے آغاز کے بعد سے عالمی سطح پر ایک دن میں اس وبائی مرض کے سب سے زیادہ کیسوں کا اندراج گذشتہ روز جمعے کو ہوا۔ اس روز دنیا بھر میں 2.37 لاکھ نئے کیس سامنے آئے۔
چین میں ہفتے کے روز حکام نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ 17 جولائی کو ملک بھر میں کرونا کے 22 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا۔ ان میں 6 افراد وہ ہیں جو بیرون ملک سے چین آئے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق جمعے کے روز تک چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 83644 ہو چکی ہے۔ ان میں موت کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد بدستور 4634 ہے۔
میکسیکو میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 7257 نئے کیسوں اور مزید 736 اموات کا اندراج کیا گیا۔ اس طرح اب تک ملک میں اس وبائی مرض کے 331298 متاثرین کا انکشاف ہو چکا ہے جن میں سے 38310 مریض فوت ہو گئے۔