جے پور : راجستھان میں کانگریس پارٹی کے اندر جاری رسہ کشی کے سبب نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ، وزیر خوراک و رسد رمیش مینا اور وزیر سیاحت وشویندر سنگھ کو ریاستی کابینہ اور پارٹی سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سورجے والا نے آج اس سلسلے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر سچن پائلٹ کو ریاستی کانگریس صدر کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ وزیر تعلیم گووند ڈوٹاسرا پارٹی کے ریاستی صدر بنائے گئے ہيں۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ کل اور آج ہونے والے قانون ساز پارٹی کے اجلاسوں سے مسٹر سچن پائلٹ کے غیر حاضر رہنے کے بعد یہ کارروائی کی گئي ہے۔ مسٹر پائلٹ کو قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں آنے کے لئے ایک تحریری پیغام بھیجا گیا تھا، نیز ان کی ناراضگی دور کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن وہ راضی نہیں ہوئے۔
مسٹر سچن پائلٹ نے اپنے خیمے میں 30 ایم ایل اے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے گہلوت حکومت کے پاس اکثریت نہ ہونے کا دعوی کیا تھا۔ اس کے بعد مسٹر گہلوت نے ایک ہوٹل میں قانون ساز پارٹی کے اجلاس سے قبل میڈیا کے سامنے 106 ایم ایل اے کی حمایت حاصل ہونے کا دعوی کیا۔