جے پور: کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سرجے والا نے کانگریس کے ناراض رہنما سچن پائلٹ سمیت کانگریس کے تمام اراکین اسمبلی سے یہ کہتے ہوئے اپیل کی ہے کہ کانگریس ہائی کمان اور پارٹی کے دروازے ان کے لئے کھلے تھے اور کھلے رہیں گے۔
مسٹر سرجے والا نے آج کہا کہ مسٹر پائلٹ سے متعدد بار بات چیت ہوئی ہے۔ان کیلئے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ نظریاتی اختلافات ہوسکتے ہیں ، لیکن منتخب حکومت کو کمزور کرنا اور بی جے پی کو ہارس ٹریڈنگ کا موقع دینا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی جنگ لڑی ہے ، ہر شعبے میں ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوکوئی خطرہ نہیں ہے۔ حکومت کو مکمل اکثریت حاصل ہے۔ مسٹر سرجے والا نے کانگریس کی داخلی کشمکش پر کہا کہ جہاں برتن ہوتے ہیں وہ کھڑکتے ہی ہیں۔ صبح کے وقت انکم ٹیکس محکمہ کی کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر سرجے والا نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سینٹرل انویسٹی گیشن بی جے پی کی ہی اضافی تنظیمیں ہیں ، اب انکم ٹیکس محکمہ بھی اس میں شامل ہوگیا ہے۔ دوسری طرف صبح ساڑھے دس بجے شروع ہونے والی کانگریس کی اہم میٹنگ ساڑھے بارہ بجے تک شروع نہیں ہوسکی تھی۔