دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے بعد صرف انہی نامعلوم لاشوں کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی جن کی تفصیلات مختلف اخبارات میں دو ہفتہ پہلے شائع کی گئی تھیں۔
دہلی تشدد معاملہ میں ہائی کورٹ نے ہلاک افراد کی نامعلوم لاشوں کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد صرف انہی نامعلوم لاشوں کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی جن کی تفصیلات اخبارات میں دو ہفتے پہلے شائع کی گئی تھیں۔ اس سے قبل ہائی کورٹ نے دہلی کے سرکاری اسپتالوں کو 11 مارچ تک نامعلوم لاشوں کو نہیں جلانے اور لاشوں کے پوسٹ مارٹم کی ویڈیوگرافی کرانے کے لیے کہا تھا۔ عدالت کا یہ حکم اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ تشدد کے تقریباً تین ہفتے بعد بھی کئی ایسے لوگ ہیں جو اپنوں کی تلاش میں در در بھٹک رہے ہیں۔
ائی کورٹ نے اپنے گزشتہ حکم میں کہا تھا کہ سرکاری اسپتالوں کے مردہ گھروں میں لائی گئی نامعلوم لاشوں کے بارے میں اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر پوری جانکاری شائع کرے۔ جسٹس سدھارتھ مردل اور جسٹس آئی ایس مہتا کی بنچ نے ایک عرضی پر سماعت کے دوران یہ ہدایت جاری کی تھی۔ واضح رہے کہ دہلی میں حال میں ہوئے فسادات کے بعد سے لاپتہ اپنے ایک رشتہ دار کے بارے میں جانکاری کو لے کر ایک شخص نے یہ عرضی داخل کی تھی
source: QaumiAwaz